جنگی جنو ن: بھارت دنیا میں اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار بن گیا‘ سویڈش ادارے کی رپورٹ

22 فروری 2017

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دنیا میں اسلحہ کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک رہاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ بات سویڈن میں قائم سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہی گئی۔رپورٹ کے مطابق بھارت 2012سے لیکر2016تک کے عرصہ کے دوران دنیا بھر میں اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار ملک رہا۔رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران بھارت نے عالمی سطح پر فروخت ہونے والے مجموعی اسلحہ کا 13فیصد خریدا جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ شرح ہے۔اس عرصہ کے دوران بھارت نے روس، امریکہ،اسرائیل اورجنوبی کوریا سے جدید ترین اسلحہ کی خریداری کا سلسلہ جاری رکھا۔ رپورٹ کے مطابق 2007سے لیکر 2011اور2012سے لیکر 2016تک عرصہ میں بھارت کی جانب سے اسلحہ کی خریداری میں 43فیصد کا نمایاں اضافہ ہواہے۔یہ شرح علاقائی ممالک پاکستان اورچین کے مقابلے میں کئی زیادہ ہے۔