پی ٹی آئی فنڈنگ کیس، الیکشن کمشن نے سماعت ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے تک ملتوی کر دی

22 فروری 2017

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن میں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت 7مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے کمشن کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ تاحال موصول نہیں ہوا۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا خان نے کہا کہ ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ پڑھنے کے بعد ہی دلائل سنیں گے۔ ہاشم علی بھٹہ نے عمران خان کی نااہلی کیس بحال کرنے کی درخواست دائر کی۔ الیکشن کمشن نے نااہلی درخواست بحال کرنے پر عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔ وکیل ہاشم بھٹہ کا کہنا تھا کہ میرا کیس اکبر ایس بابر کے کیس سے مختلف ہے۔ میں نے ممنوعہ ذرائع سے پارٹی آمدن کو چیلنج کیا ہے وہ بیرون ملک اور اندرون ملک سے بھی ہو سکتے ہیں۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ استدعا ہے کہ روز کی بنیاد پر سن کر کیس کا فیصلہ دیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا انتظار کیا جائے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے منحرف رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان دوسروں کے خلاف کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہیں مگر اپنی پارٹی کی کرپشن کو چھپانا چاہتے ہیں۔