ڈسٹرکٹ بارکا راولپنڈی کچہری میں فو ل پروف سکیورٹی انتظامات نہ کرنے پر اظہار تشویش

22 فروری 2017

راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن راولپنڈی نے چار سدہ کچہری دھماکہ کے بعد بھی راولپنڈی کچہری میں فو ل پروف سکیورٹی انتظامات نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر راولپنڈی میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی زمہ دار راولپنڈی کی انتظامیہ ہوگی،گزشتہ روز چار سدہ کچہری دھماکہ کے بعد بار عہدیدار اور دیگر وکلاءڈسٹرکٹ بار میں اکھٹے ہوئے اور چارسدہ دھماکوں کی سخت الفاظ میں مزمت کی،اس حوالے سے ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل عرفان نیازی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مناسب اقدامات نہ کرنے سے وکلاءکو سکیورٹی کے شدید خدشات کا سامنا ہے ،ضلعی انتظامیہ نے کچہری کی سکیورٹی کواجلاسوں کی حد تک محدود کر رکھا ہے دو روز قبل بھی ڈی سی راولپنڈی کی سربراہی میں اجلاس ہو اتھا جس میں بار ایسو سی ایشن کی طرف سے کچہری میں اضافی واک تھرو گیٹس نصب کرنے اورسکیورٹی کے دیگر انتظامات کے حوالے سے مطالبات پیش کئے گئے تھے جس پر ضلع انتظامیہ کے افسران نے سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر تشویش کی بات یہ ہے کہ یہ اجلاس کی حد تک محدود رہے اور تاحال کوئی سکیورٹی انتظامات نہیں کئے گئے اگر راولپنڈی کچہری میں کوئی واقعہ ہوا تو اس کی ذمہ دار ضلعی انتظامیہ ہوگی ۔