تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شہباز شریف کی نااہلی کیلئے عدالت جانے کا فیصلہ

22 فروری 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نااہلی ریفرنس پر سپیکر کے جانبدارانہ روئیے کیخلاف آئندہ اسمبلی اجلاس میں شدید احتجاج کیا جائیگا۔ اجلاس میں زیر تعمیر خان پور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے گرنے کی تحقیقات حاضر سروس جج سے کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، احمد خان بچھڑ، ملک آصف محمود، شعیب صدیقی، ڈاکٹر نوشین حامد، سعدیہ سہیل، شنیلا روتھ ودیگر اراکان اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں چارسدہ دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا گیا، اس موقع پر شہدا کیلئے دعا اور قوم کو ایک اور بڑے سانحہ سے بچانے پر چار سدہ پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس کے بعد احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمود الر شید نے کہا سپیکر رانا اقبال نے اپنی نوکری بچانے اور حکمرانوں کی شاباش وصول کرنے کیلئے اپنے منصب سے ناانصافی اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب کے عوام کو مایوس کیا۔ ریفرنس عدالتی احکامات کی روشنی میں پنجاب اسمبلی میں دائر کیا گیا۔ اسے مسترد کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔