ڈرگ ایکٹ، اگلے ماہ پنجاب اسمبلی سے ترمیم منظور کرانے کا فیصلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب ڈرگ ایکٹ (1976) میں ترمیم کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے مذاکرات میں حکومتی نمائندوں رانا ثنائ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور فارما کے نمائندوں ڈاکٹر طاہر اعظم، حامد رضا، اسد شجاع رحمن، ڈاکٹر ریاض احمد، اعجاز صدیقی، عمران خان، امان اللہ بسمل، زاہد پرویز اور نور محمد مہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر بھی موجود تھے۔ تمام ایشوز پر بحث کی گئی۔ دونوں اطراف سے تمام نقاط کو تحریری شکل میں لکھ دیا گیا ہے اور طے پایا ہے کہ مارچ کے دوسرے ہفتے سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ترمیم کو دوبارہ پیش کرکے منظور کروایا جائے گا۔ دوبارہ میٹنگ 24 فروری کو ہوگی۔ مسائل کے فوری حل کیلئے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں 5 نمائندے تاجروں کے اور 5 حکومتی نمائندے شامل ہیں۔