فیصل آباد : ڈاکوؤں نے مزاحمت پر لیفٹیننٹ کرنل زخمی کر دیا، جوابی فائرنگ سے ملزم ہلاک

22 فروری 2017

فیصل آباد ( نمائندہ خصوصی ) حساس ادارے کے لیفٹیننٹ کرنل کو ڈاکوئوں نے مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا ‘ زخمی آفیسر نے جوابی فائرنگ کرکے ایک ڈاکو مار ڈالا ‘2زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بٹالہ کالونی کے علاقہ گارڈن ٹائون گلی نمبر4کے رہائشی 30سالہ لیفٹیننٹ کرنل عبداﷲ چھٹیاں ختم ہونے کے بعد گزشتہ علی الصبح اسلام آباد واپس ڈیوٹی پر جانے کیلئے گھر سے نکلے تو ہلال روڈ پر نیو گارڈن ٹائون کے قریب موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے انہیں روک کر لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے کرنل عبداللہ کو شدید زخمی کردیا۔ زخمی آفیسر عبداﷲ نے اپنی پستول سے جوابی فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ ریسکیو1122کے مطابق 2ڈاکو زخمی حالت میں موقع سے فرار ہو گئے ‘ بعدازاں ریسکیوکی امدادی ٹیم نے زخمی کرنل عبداﷲ کو سول ہسپتال منتقل کیا ‘جہاں ان کا علاج جا ری ہے ‘ وقوعہ پر پولیس افسران اور حساس اداروں کی ٹیمیں پہنچ گئیں اور ہلاک ڈاکو کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہے ۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم اس کی جیبوں سے مسروقہ موبائل فونز نقدی ‘لوگو ں کی لوٹی گئی دستاویزات کے ساتھ ساتھ ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہو ا ہے۔دریں اثناء فیصل آباد میں ڈکیتی ‘ راہزنی و چوری کی دیگر 30وارداتوں کے دوران 5 گھروں کا صفایا کر دیا گیا۔ 6موٹرسائیکلیں، 2رکشے، ایک ویگن، لاکھوں روپے نقدی قیمتی طلائی زیورات و اشیاء چھین لی گئیں۔تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر209ر ب میں ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر ساجد سے ویگن جڑانوالہ روڈ پر شہزاد سے رکشہ اور چک نمبر479گ ب میں اظہار سے موٹرسائیکل چھین لی۔ گلشن کالونی میں آصف رانا پارک میں منیر ‘ سوساں روڈ پر علی ‘ چک نمبر76گ ب میں گلزار ‘ نلکہ کوہالہ پر رضا ‘ فیصل گارڈن میں اویس ‘ رضا آبد میں ابراہیم ‘ فیض آباد میں اویس ‘ ڈپو بازار میں عمر ‘ دربار لعل شاہ کے قریب عامر ‘ گلبرگ میں آصف ‘ گلبرگ کالونی میں شہباز ‘ سمن آباد میں اعجاز اور کوکیانوالہ میں شہزاد سے نقدی موبائل فونز و زیورات چھین لئے گئے ‘ چک نمبر225ر ب میں اویس ‘ علوی پارک میں صفدر ‘ چک نمبر73ر ب میں تنویر ‘ ملک پور میں ظفر اقبال اور چک نمبر271ر ب میں شاہد کے گھروں میں گھسنے والے ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر نقدی موبائل فونز و زیورات چھین لئے ۔ بٹالہ کالونی میں سلطان ‘ مسلم ٹائون میں حسن اور اسلامیہ پارک میں سفیان کے گھروں کے تالے توڑ کر نقدی زیورات چوری کر لئے۔ اقبال نگر سے شفیق‘ مچھلی فارم سے انجم ‘ پریس مارکیٹ سے راشد ‘ فیکٹر ی ایریا سے غلام رسول کی موٹرسائیکلیں اور راجہ چوک سے نعیم کا چنگ چی رکشہ چوری کر لیا گیا ۔