پی آئی اے کو حکومتی امداد ٹیکس دہندگان کے پیسے سے دی جاتی ہے: سردار مہتاب
لاہور(خبر نگار)وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے کو دوبارہ سے صف اول کی ائر لائنوں میں شامل کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر سید یاور علی اور سیکریٹری ایوی ایشن اور قائم مقام چیئرمین پی آئی محمد عرفان الہٰی ،پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔پی آئی اے کو حکومتی امداد ٹیکس دہندگان کے پیسے سے دی جاتی ہے اور اس کے خسارے میں کمی اور منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔اس سے پہلے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی جبکہ فلائٹ آپریشنز، فلیٹ پلاننگ، مارکیٹنگ، فلائٹ سیفٹی، انجینئرنگ اینڈ مینٹینس اور ٹریننگ سینٹر کے شعبہ جات کی جانب سے فرداً فرداً بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔