ممبر کسٹمز ناصر مسرور احمد کو گریڈ 22 میں ترقی دےدی گئی

22 فروری 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف بی آر کے ممبر کسٹمز ناصر مسرور احمد کو گریڈ 22 میں ترقی دے دی گئی۔ ان کی ترقی کے باعث ممبر کسٹمز کا منصب گریڈ 21 سے بڑھا کر گریڈ 22 میں کر دیا گیا ہے۔ مسروراحمد نے گزشتہ روز گریڈ 22 میں ممبر کسٹمز کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ممبر کسٹمز کا منصب اس وقت تک گریڈ 22 کا رہے گا جب تک ناصر مسرور احمد اس پر فائز ہیں۔ گریڈ 18 کی افسر قراة العین کو ایڈیشنل کمشنر آر ٹی او سیالکوٹ تعینات کر دیا گیا۔ گریڈ 14 کے اہلکار محمد یوسف کو گریڈ 16 میں اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری کے منصب پر ترقی دے دی گئی۔ پاکستان کسٹمز سروس کے گریڈ 17 کے افسر عبد القدوس کو گریڈ 18 میں ترقی دے دی گئی۔ ایم سی سی گلگت میں تعینات گریڈ 16 کے افسر احسان اللہ 29 اپریل کو مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہو جائیں گے۔