فوجی عدالتوں کی بحالی میں حکمرانوں کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے‘ پرویز الٰہی

22 فروری 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں۔ وہ ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہید کی والدہ، بہنوئی میجر (ر) ڈاکٹر نسیم اور دیگر عزیز و اقارب موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) احمد مبین بڑے محنتی، قابل، دلیر اور فرض شناس افسر تھے۔ ان کی شہادت پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ”را“ افغانستان میں اپنے مراکز کے ذریعے پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں کروا رہی ہے۔ انہوں نے چارسدہ میں بم دھماکوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز کو آپریشن کیلئے مکمل اختیارات دئیے جائیں، حکومت میں موجود سہولت کار بھی دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ ایک وزیر کو فوری گرفتار کر لیا جائے تو سب کچھ واضح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد ایک اچھا اقدام ہے۔ فوجی عدالتوں کی بحالی کے بارے میں چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اپنی وجہ سے اس میں تاخیر ہو رہی ہے، انہوں نے اپنی مرضی کا کوئی قانون منظور کروانا ہو تو دس منٹ میں کروا لیتے ہیں۔