پروموشن بورڈ کا اجلاس بلاکر ٹریفک وارڈنز کو ترقی دی جائے: مشتاق سکھیرا

22 فروری 2017

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنر ل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈنز کی پروموشن کیلئے بورڈ کا اجلاس ایک ماہ کے اندرکرکے اہلکاروں کوسنیارٹی کے لحاظ سے ترقیاں دی جائیں۔پروموشن بورڈاجلاس میں مزیدکوئی تاخیربرداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب فاروق مظہر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سنیارٹی لسٹ کی تکمیل اور پروموشن بورڈ میں ہونے والی ترقیوں کے بعد خالی ہونے والی آسامیوں کے حوالے سے تفصیلی سمری تیار کرکے انہیں جلد از جلدبھجوائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی نے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کیپٹن ریٹائرڈ عثمان خٹک کو بھی ہدایات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریننگ سنٹروں کی سکیورٹی کو بھی اولیت دی جائے۔ دریں اثناء ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب ڈاکٹر عارف مشتاق کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب ہوئی انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ایماندار قابل اور محنتی پولیس افسران اور اہلکار کا محکمہ پولیس کا فخر ہے ڈاکٹر عاشرف مشتاق نے کہا کہ آج میں دوہری کیفیت کا شکار ہوں جہاں اس بات کی خوشی ہے کہ میں اپنی سروس کے دوران سرخرو ٹھہرا اور اللہ پاک نے ہر مشکل وقت میں مجھے ثابت قدم رکھا وہیں میں محکمہ میں اپنے دوستوں اور ساتھیوں سے رخصت ہونے پر اداس بھی ہوں۔