وزیراعظم نوازشریف آج ترکی جائیں گے

22 فروری 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف آج ترکی کے 3 روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم پاکستان ترکی کی اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے پانچویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ مختلف وفاقی وزراءاور اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم مختلف دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ترک قیادت کے ساتھ وسیع تر مشاورت اور تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کے ہمراہ جمعرات کو انقرہ میں پاک ترک اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔ پاک ترک اعلیٰ سطحی تعاون کونسل کا قیام 2009ءمیں دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سیاسی سطح پر مشاورت کے لئے فریم ورک کے طور پر عمل میں لایا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف 15 جولائی 2016ءکو ترکی میں ناکام بغاوت کے خلاف پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کرنے کے لئے ترک پارلیمان کا دورہ بھی کریں گے۔ بغاوت کی رات ترک پارلیمان کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی میں جمہوریت کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔