نواز شریف پانامہ کیس ہار رہے ہیں، شک ہے عدالت عظمیٰ کیخلاف کچھ نہ کچھ کرینگے: عمران خان

22 فروری 2017

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس نے بہادری کے ساتھ چارسدہ میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا‘ خیبر پی کے پولیس کی کارکردگی پر فخر ہے۔ چارسدہ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ خیبر پی‘ پولیس کی کارکردگی پر فخر ہے‘ میڈیا سے گفتگو کے دوران پانامہ کیس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کے وکیلوں کے بارے میں لگتا ہے پاکستان کا قانون نوازشریف کیخلاف کچھ نہیں کر سکتا۔ ن لےگ کے وکیل کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف کو کرپشن کرنے دو اور قانون ہاتھ نہ لگائے۔ اسحاق ڈار نے خود بتایا کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیسے کی۔ اسحاق ڈار نے جس کیلئے منی لانڈرنگ کی آج وہ وزیراعظم ہے۔ ثابت ہو گیا کہ ایف بی آر کا چیئرمین بھی کرپٹ ہے‘ موجودہ حالات میں قوم کے پاس سپریم کورٹ جانے کے سوا کوئی جگہ نہیں‘ اداروں پر قبضے ہیں‘ سپریم کورٹ نہیں سنے گی تو کون سنے گا‘ قوم کے پاس انصاف کیلئے سپریم کورٹ ہی بچی ہے۔ ان کے چار وکیلوں کی بات سے لگتا ہے وزیراعظم قانون سے بالاتر ہیں‘ اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کو بچایا جا رہا ہے۔ آٹھ سال میں 14 ہزار ارب روپے کا قرض لیا گیا‘ حکمران عدالت میں ہار رہے ہیں‘ شک ہے کہ یہ عدالت عظمیٰ کیخلاف کچھ نہ کچھ کریں گے۔ وقت بدل چکا ہے۔ سپریم کورٹ پر حملے کی کوشش نہ کرنا‘ ن لیگ والے جب ہارنے لگتے ہیں تو ڈنڈے اٹھا لیتے ہیں‘ کرپٹ وزیراعظم صرف پیسہ چوری نہیں کرتا‘ ملک کے ادارے تباہ کرتا ہے‘ نوازشریف ہمیشہ اپنا امپائر کھڑا کرکے کھیلتے ہیں۔ نوازشریف کو نیوٹرل امپائر کے ساتھ کھیلنے کی عادت نہیں‘ اربوں روپے کی چوری میں ملوث شخص کو بچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہونا چاہئے‘ مانتا ہوں ہم کامیاب نہیں ہوئے لیکن بہت کچھ سیکھا ہے۔ خیبر پی کے میں آزاد احتساب کمشن بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا پنجاب اور سندھ پولیس کو غیرسیاسی بنایا جائے۔