دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے: مریم اورنگزیب

22 فروری 2017

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چارسدہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتے بلکہ حملوں سے ہمارے دہشت گردی کے خلاف عزائم کومزید مضبوط ہوتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بزدل دہشت گرد پاکستانی قوم اور سیکیورٹی اداروں کے حوصلوں اور عزم کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ان کی یہ کوشش ناکام ہو گی۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے ہر وار سے ہمارا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر پورے پاکستان میں دہشت گردوں اوران کے مدد گاروں کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے ہماری فوج ،سیکیورٹی ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوطی کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ دہشت گرد وںکا کوئی مذہب اور قوم نہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک ہماری جنگ جاری رہے گی ۔دہشت گردوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس طرح کے حملوں سے ہمارا عزم کوکمزور نہیں کیا جا سکتا بلکہ اور زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ پوری قوم دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین ساتھ کھڑی ہے۔ قوم کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ حکومت اور افواج پاکستان آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور کر رہے ہیں اور انشاءاﷲ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں فتح ہوگی۔