دہشت گرد اور سہولت کار جہاں بھی ہوئے‘ بلاامتیاز کارروائی ہوگی: مشاہد اللہ

22 فروری 2017

لاہور(خبر نگار)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ہشت گرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب میں پہلی بار رینجرز نہیں بلا رہے۔جہاں بھی ضرورت پڑی ہے پہلے بھی وہاں کارروائیاں کی ہیں۔دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔وہ کونسی جماعت ہے جس کے دہشت گرد ہیں اور کس جماعت کا وزیر اعلی لیاری جا کر دہشت گردوں سے ملتا تھا سب کو علم ہے۔وہ لاہور ائیر پورٹ پر ایئر لیگ سی بی اے آفس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مشاہد اللہ خان نے کہاکہ کراچی اور پنجاب کی صورتحال مختلف ہے۔کراچی میں پانچ سال میں نو ہزار لوگ مارے گئے۔ہمارے وزیر پرجس کالعدم تنظیم سے رابطوں کا الزام عائد کیا جا رہا ہے وہ گورنر سلمان تاثیر کے جلسوں سے خطاب بھی کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ مسلم لیگ ن کو ملے ہیں۔مگر تحریک انصاف پہلی اپوزیشن ہے جو چاہتی ہے کہ حکومت اس کی مرضی سے چلے۔ شیخ رشید کی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ عمران خان جھوٹا ترین سیاستدان ہے۔