نوجوان کا شادی سے انکار پر گھر میں گھس کر لڑکی پر تشدد، سر کے بال کاٹ دئیے
لاہور (نامہ نگار) فردوس مارکیٹ کے علاقہ میں نوجوان نے شادی سے انکار پر گھر میں داخل ہوکر لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے سر کے بال کاٹ دئیے، اہل محلہ کے آنے پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ فردوس مارکیٹ میں درزی کا کام کرنے والے نوجوان کاشف نے اپنے علاقے کی رہائشی لڑکی 25سا لہ شمیم کے گھر رشتہ بھجوایا لیکن لڑکی اور اس کے گھر والوں نے انکار کر دیا۔ گزشتہ روز کاشف زبردستی لڑکی کے گھر میں داخل ہو گیا اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے سر کے بال کاٹ دئیے۔ گھر میں کوئی شخص موجود نہ ہونے پر لڑکی کی چیخ و پکار پر اہل محلہ پہنچ گئے جس کے بعد کاشف وہاں سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔