مسعود اظہر کے معاملے پر چین کو رام کرنے کیلئے بھارتی سیکرٹری خارجہ بیجنگ پہنچ گئے

22 فروری 2017

بیجنگ/نئی دہلی (آئی این پی) بھارت کے سیکرٹری خارجہ جے شنکر اقوام متحدہ کی طرف سے کالعدم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کی کوششوں کی راہ میں چین کی طرف سے رکاوٹ ڈالنے اور بھارت کے جوہری سپلائرز گروپ میں شامل ہونے کی کوشش جیسے امور کے بارے میں اختلافات کے پیش نظر اعلیٰ چینی اہلکاروں کے ساتھ اہم مذاکرات کرنے کیلئے منگل کو بیجنگ پہنچ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جے شنکر جنہوں نے 2009سے 2013تک چین میں بھارتی سفیر کے طور پر سفارتی خدمات انجام دی ہیں جو کہ بیجنگ میں کسی بھی بھارتی سفارتکار کا طویل ترین دور سفارت ہے، اپنے دورے کا آغاز مرکزی کابینہ کے رکن یانگ جائی چائی سے مذاکرات سے کریں گے، یانگ جائی چائی بھارت چین سرحدی مذاکرات کیلئے بیجنگ کے خصوصی نمائندے ہیں، 22فروری کو چین کے ایگزیکٹو نائب وزیرخارجہ جان یی سوئی کے ساتھ بہتر دفاعی مذاکرات میں شرکت کے علاوہ توقع ہے کہ جے شنکر چینی وزیرخارجہ وانگ ژی سے بھی ملاقات کریں گے۔ مذاکرات سے قبل چین اقوام متحدہ کی طرف سے جیش کے سربراہ مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کی کوششوں اور 48رکنی جوہری سپلائرزگروپ (این ایس جی)میں بھارتی رکنیت کے بارے میں متضاد جذبات کی مخالفت میں نرمی کرتا ہوانہیں دکھائی دے رہا۔