دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا سیاسی مذہبی رہنما

22 فروری 2017

کراچی ( نیوز رپورٹر +خصوصی رپورٹر ) متحدہ کے رہنما فاروق ستار ‘ پی ایس پی کے وسیم آفتاب‘ وحدت مسلمین کے راجہ ناصر عباس و دیگر نے چار سدہ کچہری میں دہشت گردوں کا حکم ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کوبڑے سانحہ سے بچا لیا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے مذمتی بیان میں وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ آج جن پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور دہشت گردوں سے مقابلہ کر کے شہریوں کو بڑی تباہی ہے بچایا وہ یقینا قابل ستائش اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ حکومت پاکستان نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کویقینی بنائے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چارسدہ کچہری میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے اسی عزم و حوصلہ کی ضرورت ہے۔انتہاپسند عناصر کی مکمل پسپائی تک اسی عزم و حوصلہ اور تیزی کے ساتھ اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا۔سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ چارسدہ خود کش حملے کی مذمت کرتے ہیں پولیس کی بہترین کارکردگی نے دو خود کش بمبار کو واصل جہنم کرکے بڑی تباہی سے بچایا ہے ،شہید ہونیوالےوں کے لواحقین کے غم میں پوری قوم شامل ہے ۔ تمام رہنماﺅں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
سیاسی مذہبی رہنما