ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ … فروغ تعلیم کی جانب اہم قدم
جاوید یونس
پنجاب ایجو کیشنل انڈوومنٹ فنڈ اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایشیاء کا سب سے بڑا تعلیمی سکالر شپ پروگرام ہے۔ جس سے محروم طبقہ کے بچے اور بچیاں مستفید ہو رہی ہیں۔ انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا بنیادی مقصد پنجاب اور دیگر صوبوں کے ہو نہار و ذہین او رمستحق طلبا و طالبات جو وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنا تعلیمی سلسلسہ جاری نہیں رکھ سکتے کو بہترین تعلیمی سہولیا ت فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے والدین نے جو خواب دیکھے ہیں وہ پورے ہو سکیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا فلاحی منصوبہ ہے جو نواجون نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے معاونت کر رہاہے۔ 2 ۔ارب روپے کی سیڈ منی سے شروع ہونے والے اس فنڈ کا حجم 17 ۔ارب روپے تک پہنچ چکاہے ۔ اب تک 7.5 ۔ ارب روپے مالیت کے وظائف ڈیڑھ لاکھ بچوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ پنجاب ایجو کیشنل انڈوومنٹ سیکنڈری لیول سے
پی ایچ ڈی تک کے تعلیمی و ظائف فراہم کر رہا ہے۔ 30 فی صدسکالر شپ میرٹ اور 20 فی صد سکالر شپ برائے خصوصی کو ٹہ مختص کئے
گئے ہیں ۔ خصوصی کوٹہ میں یتیموں ‘ سکیل ایک سے چار کے سرکاری ملازمین ‘ اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے افرا دکے بچوں اور معذور طلباء وطالبات کو وظائف دیئے جاتے ہیں ۔ طلباء و طالبات کو سکالر شپ د ینے کے عمل کو نہایت شفاف بنایاگیا ہے تاکہ حقدار کو بلا رکاوٹ اس کا حق مل سکے ۔اس وقت نہ صرف ملک کے سرکاری تعلیمی ادارو ں کے علا وہ معروف اداروں جن میں لمز‘ فاسٹ‘اور یورپ کی بڑی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ اس میں کو ئی شک نہیں کہ انڈوومنٹ فنڈ نے وسائل کی کمی کا شکار ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں کا حصول علم کا خواب پورا
کیا ہے او ر انہیں مایوسی سے نکال کر امید اوراعتماد بخشا ہے۔ اس میں کو ئی شک نہیں کہ انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے نوجوان نسل کی تعمیرکا بیڑا
اٹھایا ہے اور بھکاری پن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے۔ اب غریب کا کوئی ذہین و ہونہار بچہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم
نہیں رہ سکے گا۔
گذشتہ دنوں گوجرانوالہ میں ایجوکیشن انڈوومنٹ سے متعلق طلبا وطالبات اور ڈویژن بھرکے لوگوںمیں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ڈویژنل بپلک سکول کے آڈیٹوریم میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر تعلیم ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی مہمان خصوصی تھے جبکہ سیاسی نمائندوں کے علاوہ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف ‘ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان
او ر محکمہ تعلیم کے اعلی حکام نے شر کت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید رضا علی گیلانی نے کہاکہ 20 مئی2017 تک دو لاکھ طلباء وطالبات کو وظائف دینے کا ٹارگٹ مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو بطور پاکستانی کسی قوم سے کم تر نہیں سمجھنا چا ہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء و طالبات تعلیمی میدان میں بین الا قوامی فورم پر اپنا لو ہا منوا رہے ہیں۔ انہوںنے پاکستان کی بچی ارفع کریم کی مثال دیتے ہو ئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں اس بچی نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہو ںنے کہاکہ ہمارے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں نمایاں فرق ہے اور حکومت پنجاب وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لئے کوشا ں ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ شہری اور دیہی تعلیمی اداروں میں بھی فرق ختم کیا جا رہا ہے اور جو سہولیات شہری علاقوں کے سکولوں ‘کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء و طالبات کو دستیاب ہیں وہی سہولیات دیہی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اساتذہ کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے ہر ڈویژن میں اکیڈمیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے طلبا ء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنا کیریئر بہتر بنانے کے لئے روڈ میپ تیار کریں اور اس کو لے کر آگے چلیں ۔ انہوںنے کہاکہ پیف مکمل طورپر کرپشن فری ہے اورتمام وظائف صرف اور صرف میرٹ پر دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان‘ فاٹا اور اسلام آباد بورڈ کے بچے اس فنڈ سے مستفید ہو رہے ہیں ۔
پنجاب ایجو کیشنل انڈوومنٹ فنڈ سے گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 2009 بچوں میں 71 کرور18 لاکھ28 ہزار 200 روپے کے وظائف تقسم کئے جا چکے ہیں ۔ جن میں 10098 طالبات اور9993 طلباء شامل ہیں ۔ ضلع گوجرانوالہ کے 3510 طلباء و طالبات میں126398550/- روپے کے و ظائف‘ ضلع سیالکوٹ کے 3374 بچوں 117273750/ - روپے ‘ حافظ آباد کے 3233 طلباء و طالبات میں113613950/- روپے ‘ ضلع منڈی بہائوالدین کے 3198 بچوں میں 113371500 روپے کے وظائف دیئے جا چکے ہیں ۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں طلباء کی نسبت طالبات نمایاں پوزیشنیں حاصل کرکے ایجو کیشنل انڈوومنٹ
سے وظائف لے کر اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہی ہیں۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ طالبات میں تعلیمی رحجان بڑھ رہا ہے کہتے ہیں کہ اگر کسی خاندان میں ایک بچی پڑھ جائے تو آنے والی کئی نسلیں سنور جاتی ہیں۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہاکہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے او ر آئندہ آپ کے کندھوں پر اس معاشرے ‘ سماج اور قو م کی ذمہ دای ہے لہذا حکومت نے فیصلہ کیا کہ بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخیصت میں نکھار پیدا کیاجائے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تعلیمی اصلاحات کیں اور ایجو کیشنل انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا۔ حکومت تعلیمی اداروں میں تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے حتی المقدور کوشش کر رہی ہے ۔
اس کے علاوہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ‘ امتحانات سے بوٹی مافیا کا خاتمہ ‘ ٹیچرز ٹریننگ ‘ سکولوں میں آئی ٹی لیبز کا قیام‘ پوزیشن ہولڈرزبچوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم جیسے اقدامات شامل ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ آج کی تقریب کا مقصد پیف سکالرز کی ستائش ہے اور آپ کی قابلیت کا روشن چہرہ دوسرے بچوں کو دکھانا ہے تاکہ ان میں بھی محنت‘ لگن اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہو۔