ایوانِ قائداعظمؒ میں نظریاتی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز

22 فروری 2017

محمد سیف اللہ چوہدری
نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام تعمیر ہونیوالا عظیم الشان ایوان قائداعظمؒ کارکنان تحریک پاکستان کے خوابوں کی تعبیر اور ایک ایسی عظیم نظریاتی درس گاہ ثابت ہو گی جہاں سے افکار قائداعظمؒ کی روشنی چہار سُو پھیلے گی۔ سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں نے جگہ کا انتظام کیا اور یہاں بابائے قوم کے نام نامی سے منسوب وطن عزیز کی اوّلین عمارت بنانے کا شرف مجید نظامی نے حاصل کیا۔ ایوان قائداعظمؒ کی موجودہ عمارت میں چار منزلہ لائبریری، تین منزلہ تصویری گیلری ، ایک آڈیٹوریم ،ایڈمنسٹریشن بلاک، پرنٹنگ پریس ، مسجد، ریسرچ سکالرز کے دفاتر سمیت تمام متعلقہ شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں۔ تین منزلہ تصویری گیلری کا ایک فلور شہدائے پاکستان کے نام منسوب کیا گیا ہے اور اس فلور کی تیاری میں آئی ایس پی آر (ISPR) کی معاونت حاصل ہو گی۔ایوان قائداعظمؒ پایۂ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے اور اب یہاں پاکستان آگہی پروگرام کے تحت نظریاتی تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز بھی ہوگیا ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کا پاکستان آگہی پروگرام نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت میں بے حد ممدومعاون ثابت ہو رہا ہے اور اس کے طفیل نسل نو کے اذہان و قلوب میں نظریۂ پاکستان راسخ کرنے کے ضمن میں ایک خاموش انقلاب برپا ہورہا ہے۔ تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن اور اس مملکت خداداد کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ مجید نظامی نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام صورتحال کے تدارک کے لئے ایک موثر پروگرام وضع کیا جس کا مقصد پاکستان کی نوجوان نسل میں اپنے وطن عزیز کی شاندار تاریخ‘ روشن مستقبل اور خود اُن کی اپنی صلاحیتوں کے بارے میں خود اعتمادی پیدا کرنا ہے۔ ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایک ایسا جامع اور متحرک پروگرام ترتیب دیا جس کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان میں مدعو کرکے اور موبائل نظریاتی تعلیمی یونٹس سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جا کر طلبا وطالبات کو قیامِ پاکستان کیلئے اسلامیان برصغیر کی زبردست جدوجہد‘ تحریک پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد‘ قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے سیاسی‘ معاشی اور اسلامی دنیا سے متعلق وژن‘ پاکستان کے انمول قدرتی و انسانی وسائل اور آزادی کی بدولت حاصل ہونے والی ان گنت نعمتوں اور ترقی کے مواقع سے روشناس کروا دیا جاتا ہے۔ اس پروگرام سے طلبا وطالبات کو 1947ء کی بے سروسامانی اور آج کل کے تکلیف دہ مسائل کے باوجود پاکستان نے مختلف شعبوں میں جو قابلِ رشک ترقی کی ہے‘ اس کے بارے میں بھی بالتفصیل آگاہ کیا جاتا ہے۔ پروگرام کو مزید موثر بنانے کیلئے ملٹی میڈیا کی مدد سے تاریخی اور جدید موضوعات پر مشتمل دستاویزی فلمیں دکھائی جاتی ہیں۔25دسمبر 2008ء کو اس پروگرام کے آغاز سے اب تک 30لاکھ سے زائد طلبا و طالبات اِس سے استفادہ کرچکے ہیں۔ اب یہی پروگرام پورے جوش و جذبے سے ایوانِ قائداعظمؒ میں شروع کیا گیا ہے۔ 11فروری 2017ء بروز ہفتہ کو ایوان قائداعظمؒ میں پاکستان آگہی پروگرام کی نظریاتی تعلیمی سرگرمیوں کا شاندار آغاز ہو گیا ۔ اس سلسلے میں تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پرسابق صدرر پاکستان محمد رفیق تارڑ اور چیئرمین نظریہ ٔپاکستان ٹرسٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا ہے ۔
’’ ایوانِ قائداعظمؒ افکار قائداعظمؒ کے فروغ کا عالمی مرکز ثابت ہوگا۔ یہ امر انتہائی مسرت کا باعث ہے کہ آج سے اس ایوان میں ’’پاکستان آگہی پروگرام‘‘ کا آغاز ہورہا ہے‘ اس ایوان کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد جلد ہی اس کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، جسٹس(ر) خلیل الرحمن، بیگم مہناز رفیع، کالم نگارو ادیبہ بیگم بشریٰ رحمن، پروفیسر ڈاکٹرایم اے صوفی،معروف کالم نگار اثر چوہان ،چوہدری ظفر اللہ خان، ممتازدانشور محمد آصف بھلی، بیگم صفیہ اسحاق، گوہر علی خان، نظریۂ پاکستان فورم سیالکوٹ کے صدر اسد اعجاز،سعیدہ قاضی، بیگم فوزیہ چیمہ، مولانا محمد شفیع جوش، میجر(ر) صدیق ریحان،عزیز ظفر آزاد،پیر اکمل اویسی،پروفیسر شفیق کھوکھر، سید اسداللہ ، انعام الحق گیلانی، پروفیسر رضوان الحق، منظور حسین خان، نواب برکات محمود، انورکمال ،اساتذۂ کرام اور طلبا وطالبات سمیت خواتین وحضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قاری خالد محمود نے تلاوت جبکہ نعت خواں الحاج حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے نعت رسول مقبولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ الحاج اختر حسین قریشی نے ’’ملت کا پاسبان ہے محمد علی جناحؒ‘‘ نظم سنائی۔ نظامت سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے کی ۔
میاں فاروق الطاف نے کہا کہ قائداعظمؒ کو خراج عقیدت وتحسین پیش کرنے کیلئے یہ ایوان تعمیر کیا گیا ہے۔شاہد رشید نے کہا کہ یہاں سے پاکستان اور افکار قائداعظمؒ کا پرچم بلند ہو گا۔پروگرام کے آخر میں مولانا محمد شفیع جوش نے قائداعظمؒ کے ایصال ثواب وبلندیٔ درجات اور ملکی تعمیر واستحکام کیلئے دعا کروائی۔