مشترکہ دشمن پاکستان اور افغانستان کو نقصان پہنچا رہا ہے دفتر خارجہ

22 فروری 2017

اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مشترکہ دشمن پاکستان اور افغانستان کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ دونوں کو احساس ہے اب مل کر کام کرنا ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف آج 3 روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم پانچویں پاک ترک سٹرٹیجک تعاون کونسل میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم ترک ہم منصب کے ساتھ سیشن کی صدارت کریں گے۔ وہ ترک صدر طیب اردگان سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم ترک پارلیمنٹ بھی جائیں گے اور ناکام بغاوت پر اظہار یکجہتی کریں گے۔ پاک ترک تعاون کونسل اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ پاک ترک تعاون کونسل اجلاس میں سمجھوتوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے افغان تنازعہ کے حل کیلئے سب سے زیادہ موزوں سیاسی مذاکرات کے زریعے تصفیے کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔سرتاج عزیز سے منگل کو یہاں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان ٹاڈامیشی یاماموتو نے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے افغانستان کی صورتحال اوروہاں پائیدار امن و استحکام کیلئے کوششیں تیز کرنیکی ضرورت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔یاماموتو نے مشیر خارجہ کو افغانستان میں امن و استحکام کی غرض سے یو این سیکرٹری جنرل کے وژن اور بامعنی کردار سے آگاہ کیا۔ دونوں فریقوں نے امن عمل کیلئے افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں تعمیری اور مسلسل کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ