پاکستان میں بھارتی دہشتگردی سے آگاہ ہیں جارحیت کا بھرپور جواب دیاجائے : آرمی چیف

22 فروری 2017

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ آرمی چیف نے ایل او سی پر مٹی والا اور مناور سیکٹر کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو بھارتی عزائم کا ثبوت ہے جس کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف نے ہدایت دی کہ بھارت کی بلااشتعال سیزفائر کی خلاف ورزیوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ نے آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سرحد پر کسی بھی قسم کی بھارتی اشتعال انگیزی اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے۔ جنرل باجوہ نے کہا پاک فوج کے جوان اپنی پیشہ وارانہ اہلیت، ترغیب اور مادر وطن کے دفاع کیلئے بے غرض وفاداری کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں اور یہی پاک آرمی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں سازش کے تحت کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا ایک جانب بھارتی اشتعال انگیزی کا مقصد کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے تو دوسری جانب یہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہماری کارروائیوں کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ آرمی چیف نے کہا بھارت جان بوجھ کر ایل او سی کے اطراف عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے جو قابل مذمت ہے۔ جنرل باجوہ نے کہا 'ہم بھارتی سازشوں اور بھارت کی پاکستان اور خطے میں دہشت گردی کی حمایت سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا'۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا پاک فوج پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو ہر طرح کی بھارتی اشتعال انگیزی سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا فرض نبھائے گی۔ انہوں نے کہا ہم بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے جو حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں'۔ آرمی چیف نے ایل او سی پر جوانوں سے ملاقات کی۔ انہیں آپریشنل صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو بھارت کے عزائم کا ثبوت ہے۔ کل بھوشن یادیو کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشتگردی کو کیسے بھارتی سپورٹ ملتی ہے، جانتے ہیں۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا م¶ثر جواب دینے کا حکم دیدیا۔ آرمی چیف نے کہا بھارتی بلااشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا پاک فوج ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار اور پرعزم ہے۔ قوم کے تحفظ کیلئے پاک فوج ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ کشمیری حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کے ساتھ ہماری یکجہتی جاری رہے گی۔ بھارتی فوج ایجنڈے کے تحت ایل او سی پر صورتحال بگاڑ رہی ہے۔ بھارت دہشتگردی کیخلاف جنگ پر اثرانداز ہونا چاہتا ہے۔ پاک فوج کے جوان پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے سے جانے جاتے ہیں۔ جوان پاک فوج کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ایل او سی پر شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔
آرمی چیف