دھرنوں کی سیاست سے معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا، ماضی بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ خواتین کو ملک کی تعمیر و ترقی اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور صوبے کے عوام کی ترقی کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی سے خطاب میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے باعث قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا۔ دھرنوں سے ملکی وقار کو نقصان پہنچایا گیا اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کا عمل بھی رکا۔ دھرنوں میں ایسے جھوٹے الزامات لگائے گئے جس سے سچ اور جھوٹ کی تمیز ختم ہو گئی۔ دھرنوں نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ وطن عزیز اگرچہ دھرنوں اور طلاطم خیزی سے باہر نکل آیا ہے تاہم دھرنوں کے اثرات دیر تک محسوس ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقی کا سفر دوبارہ شروع کیا ہے‘ جو ہو گیا سو ہو گیا‘ ماضی بھول کر اب آگے بڑھنا ہو گا۔ چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تصدیق اللہ تعالیٰ کا پاکستان کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔ چنیوٹ رجوعہ میں ملنے والا خزانہ صرف پنجاب کے 10 کروڑ عوام کی ملکیت نہیں بلکہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام کی ملکیت ہے۔ پنجاب میں ونڈ پاور کوریڈورز کی دریافت بہت بڑی خوشخبری ہے۔ پنجاب حکومت نے قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں اپنے واسئل سے پاکستان کا سب سے پہلا اور بڑا سو میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا ہے۔ دہشت گردی کے باعث ملک کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔ سانحہ پشاور پر آج بھی ہر دل زخمی ہر آنکھ نم ناک ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں خواتین کو بھی تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ساڑھے چھ برس تک بے لوث خدمت کی ہے۔ عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کا افتتاح اگلے ماہ ہو گا۔ انہوں نے پنجاب کی ہر تحصیل میں 2017ء تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ تجارتی‘ صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران کا جلد حل ضروری ہے۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد سکولوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔