لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے قرار دیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ملک کو کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا، عوام مہنگائی کی چکی میں پیس دیئے گئے ہیں، غربت کے ستائے لوگ اپنے بچوں کو فروخت اور خودکشیاں کر رہے ہیں، ریلوے آبادیوں میں لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ (ن) ریلوے آبادیوں کو کچی آبادیاں ڈیکلیئر کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، مسلم لیگ (ن) کو لاہور کے 150 یونین کونسلوں اور کنٹونمنٹ ایریا تک منظم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے دیگر نومنتخب عہدیداران سینئر نائب صدور ملک محمد ریاض ایم این اے، بلال یٰسین ایم این اے، ملک افضل کھوکھر ایم این اے، شعیب خان نیازی جنرل سیکرٹری، خواجہ عمران نذیر ایڈیشنل جنرل سیکرٹری توصیف شاہ سیکرٹری اطلاعات عمران گورایہ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ملک فرقان، فنانس سیکرٹری رمضان صدیق بھٹی، ایڈیشنل فنانس سیکرٹری محمد منیر اور ایڈیشنل فنانس سیکرٹری وقار احمد صدیق کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ماجد ظہور، نوفل نیازی، سواتی خان، زریں خان و دیگر سینئر کارکنان بھی موجود تھے۔ پرویز ملک نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو لاہور میں صوبائی اسمبلی کے 25 حلقوں تک لے جائیں گے اور ان میں کسی رکن پنجاب اسمبلی کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ کی تنظیم کا عہدیدار نہیں بنائیں گے بلکہ سینئر کارکنوں کو عہدے دیئے جائیںگے۔ پارٹی کے عہدیداران کو کمپیوٹرائزڈ پارٹی کارڈ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 15 ہزار پرائمری یونٹ بنائے گئے ہیں جن کے 7½ لاکھ ممبر اور 2½ لاکھ عہدیدار ہیں۔ لاہور میں جلد عوامی سطح پر رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے سینئر کارکنوں کے لئے ویلفیئر فاﺅنڈیشن بنانے کا اعلان کیا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024