جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرے ٹی ٹونٹی میں پروٹیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان ٹیم کو تین رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کیویز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پینسٹھ رنز بنائے۔ پروٹیز کی طرف سے پال ڈیمنی اڑتیس، ہاشم آملہ تینتیس اورڈی ویلیئرز انتیس رنز بناکرنمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نکول اور ساؤتھی نے دو ، دو جبکہ بریس ویل اور فرینکلن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو باسٹھ رنز بناسکی۔ کیوی کھلاڑی جیسی رائڈر باون اور نکول نے تینتیس نمایاں رنز بنائے۔ اس طرح پروٹیز نے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پچیس فروری کو ویلنگٹن میں کھیلاجائےگا۔