وادی ناران اور جھیل سیف الملوک کے درمیان چیئر لفٹ لگانے کا فیصلہ، ایک گھنٹے کا سفر پانچ منٹ میں طے ہوگا
پشاور (اے این این) خیبرپی کے کے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی خصوصی ہدایت پر وادی ناران اور سیف الملوک کی دیومالائی شہرت یافتہ جھیل کے درمیان 18 کلومیٹر مسافت کو سیاحوں کیلئے آسان بنانے کی غرض سے ایشیا کی منفرد و جدید چیئر لفٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی بدولت گاڑی کے ذریعے ایک گھنٹے کا سفر آئندہ صرف پانچ چھ منٹ میں طے ہونے کے علاوہ سیاحوں کو اس نیم فضائی سفر میں حسین اور دلکش نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ اسی طرح سوات کی وادی مالم جبہ میں ایک کلومیٹر اور تحصیل بالاکوٹ میں شوگراں سے سری پائے تک چیئر لفٹ لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ مالم جبہ سمیت اہم سیاحتی مقامات کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی زیرصدارت پشاور میں اجلاس ہوا۔