وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس کے تحت محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور ضابط اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
کورونا پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی ۔مزید ان کا یہ کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاو کا سبب بن سکتی ہے۔ اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جا ئے اورمحرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیںگے اورسوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
لاہور میں منعقدہ اس اجلاس میں کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جی اور سی 10 ڈویڑن میجرجنرل محمد انیق الرحمن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد عامر مجیداور دیگر عسکری حکام کے ساتھ ساتھ صوبائی وزرا جس میں راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر،سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، پروفیسر میاں محمد اویس، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل اور دیگر حکام نے شرکت کی۔