گندگی اور تعفن سے شہریوں کا جینا مشکل ہوگیا‘ خواجہ غلام شعیب
کراچی(سٹی نیوز) مسلم لیگ( ن) کراچی کے سینئر رہنما خواجہ غلام شعیب نے صوبائی حکومت‘ انتظامیہ اور بلدیاتی اداروںکی آپس کی چپقلش سے شہر میں صحت و صفائی کی ابتر صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں گندگی اورتعفن سے شہریوں کاسانس لینا مشکل اور جینا حرام ہوگیا ہے۔ عید قربان کو10 روز گذر گئے آلائشیں اورگندگی تاحال سڑکوں گلیوں‘ محلوں میںپڑی سڑ رہی ہیں۔ جس سے ایک طرف لوگوں کو بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف شہر میں صفائی ستھرائی کے فقدان کے باعث بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا۔ اگر ذمہ دار حلقوں نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس نہ لیا تو شہر کی صورتحال انتہائی ابتر ہوسکتی ہے گندگی کے باعث مکھی مچھروں نے شہر پر حملہ کر رکھا ہے۔ اسپتالوں میں روزانہ بڑے پیمانے پر ڈائریا‘ ملیریا بخار‘ ٹائی فائیڈ اور ہیپاٹائٹس کے مریض داخل ہورہے ہیں جو باعث تشویش ہے۔