آرمی چیف کی توسیع کا فیصلہ قومی مفاد میں ہے:خلیل ستی
کراچی(سٹی نیوز) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ن) کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری خلیل ستی نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کے فیصلے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت کے تحت درست فیصلہ قرار دیا ہے۔ خلیل ستی نے کہا کہ ملک کی داخلی‘ خارجی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کئے گئے بھارتی اقدامات کے بعد خطے کی بگڑتی کشیدگی کے پیش نظر حکومت کا ایسا ہی فیصلہ ہونا چاہئے تھا کیونکہ ملک جب جنگ کی حالت میں ہوتو فوج کے سربراہ کی تبدیلی سے اس کے اثرات منفی پڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کے فیصلے سے فوج کامورال بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے عالمی و ملکی سطح پر اب تک کے اٹھائے گئے اقدامات سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں انکی کاوشوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔