کے ایم سی نے کراچی میں 8 ٹریفک پولیس چوکیاں مسمار کردیں
کراچی (خبر نگار) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے شہر میں غیر قانونی جگہوں پر قبضے کرکے بنائے گئے تھانوں اور پولیس چوکیوں کی مسماری کا عمل تیز کر دیا ہے، ایک روز قبل بلوچ کالونی تھانے کی عمارت کو غیر قانونی قرار دے کر مسمار کیا جاچکا ہے۔ گزشتہ روز شہر میں انسداد تجاوزات سیل کی کارروائی، 8 ٹریفک پولیس چوکیاں مسمار کر دی گئیں۔ صدر ایمپریس مارکیٹ پر پارکنگ پلازہ کے قریب ٹریفک پولیس کی دو چوکیاں ایک ساتھ بنی ہوئی تھیں جن کو مسمار کر دیا گیا جبکہ اولڈ سٹی ایریا میں واقع پولیس چوکیاں بھی گرا دی گئیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسداد تجاوزات سیل ضلع جنوبی نے پیر کے روز کارروائیاں کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر ٹریفک پولیس چوکیوں کو مسمار کردیا، انسداد تجاوزات سیل نے میریٹ روڈ، میمن مسجد، جامع کلاتھ، کپڑا گلی، لی مارکیٹ، کھویا گلی اور صرافہ بازار میں کارروائیاں کیں جبکہ تجاوزات کے خلاف متعلقہ علاقوں میں کارروائیاں آج بھی جاری رہیں گی۔ سینئر ڈائریکٹر لینڈ بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس چوکیوں کو عدالت عظمیٰ کے احکامات پر توڑا گیا ہے، اسی لیے ان کو مسمار کر رہے ہیں اور جہاں کہیں بھی پولیس چوکی غیر قانونی طور پر بنی ہوگی وہ گرا دی جائے گی۔