مقبوضہ کشمیر میںآزادی صحافت کو یقینی بنایاجائے :انٹرنیشنل جرنلسٹس فیڈریشن
کراچی(وقائع نگار) انٹرنیشنل جرنلسٹس فیڈریشن (آئی ایف جے) نے مودی حکومت سے کشمیر میں صحافیوں پر عائد پابندیاںاٹھانے اورانہیں ہراساں نہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو (مقبوضہ) کشمیر میں مسلسل اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہیں ہراساں کرنے کی شکایات ہیں رابطوں میں شدید مشکلات ہیں اورکمیونیکیشن بلیک آئوٹ کی صورتحال ہے۔ آئی ایف جے نے کشمیر میں آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے مودی حکومت پرزور دیا اورکہا کہ 5اگست سے کشمیر میں صحافیوں کو کمیونیکیشن بلیک آئوٹ کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خبروں کی تصدیق اورآگاہی میں شدید مشکلات درپیش ہیں کیونکہ مواصلاتی رابطے بند ہیں پابندیوں کاشکار ہیںایک صحافی کو حراست میں بھی لیا گیا مزید دو صحافیوں کی گرفتاری کی اطلاع ہے جس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ متعدد میڈیا آئوٹ لیٹس زبردستی بند کرائے جاچکے ہیں۔اخبارات کی اشاعت رکوائی گئی ہے رپورٹنگ ان حالات میں بہت مشکل بنادی گئی ہے کیمرہ مین اورفوٹوگرافرز کو بہت زیادہ پابندی سختی کا سامنا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے تصاویر ڈیلیٹ کرادی ہیں۔ صحافیوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے آئی ایف جے کے سیکریٹری جنرل انتھونی میلہ گرنے کشمیر میں صحافیوں کو درپیش پابندیوں اورہراساں کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔