کشمیر کو بھارتی تسلط سے نجات دلا کر دم لینگے:ثروت اعجاز
کراچی (نیوزرپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق انصاف کا قتل اور خواتین کی عزتیں پامال کی جارہی ہیں ،سنی تحریک کے کارکنان سیز فائر توڑنے کیلئے تیار محب وطن ہمارا ساتھ دیں ،جہاد فرض ہوچکا ہے حکومت بین اقوامی قوانین کے شکنجے سے باہر نکلے ،بھارت کی مذہبی جنونیت کو نہیں روکا گیا تو پھر دنیا میں انتشار اور مذاہب میں ٹکرائو کی جنگ شروع ہوجائیگی ،کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم ایک پیج پر ہے کشمیر کو بھارتی تسلط سے نجات دلا کر دم لینگے ،ہمیں کشمیری عوام کی آواز بننا ہے اور بھارتی ظلم وجبر کو روکنا ہے ،بھارت کشمیریوں کی آواز کو ظلم وجبر اور طاقت سے نہیں دباسکتا ،کشمیر کے عوام پر بھارت طاقت اور بارود کا استعمال فوری طور پر بند کردے ،ہزاروں کشمیریوں کی گرفتاری اور جیلوں میں ان کے ساتھ انسانیت ظلم کی شدید مذمت کرتے ہیں ،کشمیر لہولہان ہے کشمیر جل رہا کشمیر کے عوام اپنے مسلمان بھائیوں کو پکار رہے ہیں ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر میں آزادی کشمیر پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔