الحمرا آرٹس کونسل میں انور مقصود کا ڈرامہ’’ ناچ نہ جانے‘‘شروع ہوگیا
لاہور(کلچرل رپورٹر)الحمرا آرٹس کونسل میں ڈرامہ’’ ناچ نہ جانے‘‘شروع ہوگیا۔ڈرامہ کے حوالے سے ہدایتکار داورمحمود اور صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ نے پریس کانفرنس کی ۔احمد شاہ نے بتایاکہ کراچی آرٹس کونسل اور لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے یہ 10روزہ ڈرامہ ’’ناچ نہ جانے‘‘شروع کیاجارہا ہے جس کو انور مقصود نے لکھا ہے یہ ڈرامہ کراچی میں کئی ہفتے چلا جسے عوامی سطح پر بہت پذیرائی ملی جس کے بعدہمیں لاہور سے بھی ڈیمانڈ آئی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ اب اسے لاہور میں پیش کیاجائے یہ ڈرامہ ناچ نہ جانے انور مقصود کے ڈرامہ آنگن ٹیڑھا سے پہلے کا پارٹ ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح میوزک سے جڑے افراد بے روزگار ہونے کے بعد مصیبتوں اور پریشانیوں میں جکڑے جاتے ہیں ،ڈرامہ میں کلاسیکل رقص و موسیقی کے پہلو نمایاں ہیں۔اس ڈرامہ سے ہونے والی آمدنی کسمپرسی کی حالت میں گزارا کرنے والے فنکاروں کو دی جائے گی خاص کر جن فنکاروں کی بیٹیوں کی شادیاں ہیں اُن کی سپورٹ کی جائے گی۔ فنکاروں کے علاج کے لئے بھی انہیں پیسے دیے جاتے ہیں۔ہمارا ارادہ ہے کہ مستقبل میں آرٹس کونسل دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مزید پراجیکٹ کیے جائیں۔ہم وزیر اعظم عمران خان سے بھی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ثقافت پرخصوصی توجہ دیںگے۔