حسن علی کی دبئی میں دعوت ولیمہ ‘عزیز و اقارب کی شرکت‘ دلہن کی منہ دکھائی
لاہور (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹر حسن علی نے اپنی اہلیہ سامعہ آرزو، اہلخانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ دبئی کے ہوٹل میں دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر قومی کرکٹر کی نئی نویلی دلہنیا سامعہ آرزو کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں صرف حسن علی کا پتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کی جانب سے شادی پر محبتیں نچھاور کرنے پر ان کی شکرگزار ہوں۔ دبئی میں منہ دکھائی بھی کرائی گئی۔ نئے نویلے جوڑے نے ظہرانے میں شرکت کی جہاں دونوں کے اہلخانہ، عزیز و اقارب اور شاداب خان بھی موجود تھے۔ بھابھی سامعہ نے دونوں ممالک کے عوام کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔ حسن علی اور سامعہ آرزو کا ولیمہ دو تین ماہ بعد پاکستان میں ہوگا۔ دلہن سامعہ آرزو نے کہا کہ حسن علی سے ملاقات سے پہلے وہ کرکٹ کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھیں، موقع ملے گا تو حسن علی کے میچ دیکھنے جائوں گی۔ شادی کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو میں سامعہ آرزو نے کہا کہ دونوں خاندانوں، پاکستان اور بھارت کے عوام اور میڈیا نے اس رشتے کو مثبت انداز میں لیا، جس پر میں سب کی ممنون ہوں۔ سامعہ نے نیک خواہشات کے اظہار پر تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ حسن علی اور سامعہ آرزو گزشتہ روز دبئی کے ہوٹل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ دلہن اور دولہا کی ڈریسنگ میں بھارتی ثقافت نمایاں تھی، اس موقع پر 40سے 50 مہمان مدعو تھے، جس میں کرکٹر شاداب خان اور حسن علی کے اہل خانہ خاص طور پر دبئی پہنچے تھے۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ نئی زندگی کی شروعات کرنے جارہا ہوں، کسی بھی مسلمان کی زندگی میں یہ بہت بڑا دن ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر جن لوگوں نے مبارکباد دی، ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ حسن علی نے کہا کہ ولیمہ کی ایک تقریب پاکستان میں ہوگی، جس میں دلہن بھی شریک ہوں گی۔