اے پی سی،چارٹر آف ڈیمانڈمیں حکومت کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دینے کا امکان
اسلام آباد (محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے آل پارٹیز کانفرنس ’’چارٹر آف ڈیمانڈ ‘‘ میں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکامی پر مستعفی ہونے کیلئے ایک ماہ کی ’’ڈیڈ لائن ‘‘ دیگی بصورت دیگر اپوزیشن جماعتیں اکتوبر 2019کو اسلام آباد کی طرف ’’ملین مارچ ‘‘ کیا جائے گا ۔آل پارٹیز کانفرنس میں موجودہ حکومت سے استعفا ٰ ٰ کا مطالبہ کرنے میں دو آراء پائی جاتی ہیں ۔آل پارٹیز کانفرنس کی رہبر کمیٹی داخلی وخارجی محاذوں پر ناکامی ، مسئلہ کشمیر کی صورت حال پر قومی یک جہتی کو ختم کرنے اور ملک میں مہنگائی میں اضافہ ، پارلیمانی ماحول کو کشیدہ بنانے پر حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ تیار کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن عوام کے اعتماد محروم ہونے پر حکومت سے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرے گی۔ تمام سیاسی جماعتیںآزادانہ و منصفانہ انتخابات کی طرف جارہی ہیں ۔ چارج شیٹ میں نیب کی طرف سے اپوزیشن لیڈروں کے خلاف کارروائیوں کو یک طرفہ قرار دیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس حکومت ایک سال کی کارکردگی پر وائٹ پیپر بھی جاری کرے گی۔ ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی کے ارکان اپنی اپنی جماعتوں کی قیادت سے چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرنے کے لئے گائیڈ لائن لے رہے ہیں رہبر کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے کئے گئے مطالبات کو سمو دیا جائے گا جو حتمی منظوری کے لئے آل پارٹیز کانفرنس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا ۔