مجید نظامی نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی اور کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا: وفاقی وزیرداخلہ
لاہور (ندیم بسرا) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے بزرگ صحافی اور معمار نوائے وقت گروپ مجید نظامی کے بارے میں کہا ہے کہ مجید نظامی صاحب میرے لئے والد کے مانند تھے۔ نظامی صاحب ایک محب وطن پاکستانی تھے۔ وہ بہت اعلیٰ پختہ ارادہ کے مالک تھے، وہ سیدھی اور سچی بات پر یقین کرتے اور اس کو ہی بیان کرنے والے انسان تھے، وہ ہمیشہ نظریہ پاکستان کے داعی رہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی آواز کو ہمیشہ بلند کیا اور ان کی آزادی کی جنگ کو ہی حق قرار دیا۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی اور پاکستان کے مثبت اور روشن پہلو کو دنیا کے ہر حصے میں پھیلایا۔ نوائے وقت کا کردار ملکی بہتری اور سالمیت کیلئے ہمیشہ بہت مثبت اور مشعل راہ رہا ہے۔