نئے پاکستان کی بنیاد میرٹ پر ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جوہر ٹائون میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے نئے امتحانی مرکزکی عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے امتحانی مرکز کا معائنہ کیا اور امتحانات دینے والوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹم کی تنصیب پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سسٹم سے امیدواروں کو معلومات کے حصول میں بہت آسانی ہوگی اوراس طرح کا جدید نظام دیگر محکموں میں بھی ہونا چاہئے۔ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے۔ باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا کردار کلیدی ہے۔ نئے پاکستان کی بنیاد میرٹ پر ہے اور میرٹ کوہر سطح پر پروموٹ کریں گے۔ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو باصلاحیت ٹیلنٹ کو میرٹ پر آگے لے کر جائیں اور یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت نے صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور ہر ادارے میں بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ پر کی جا رہی ہیں۔ گندم اور گنے کی نئی امدادی قیمتیں مقرر کرنے اور تجاویز کا جائزہ لینے کے لئے عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں قیمتیں مقرر کرنے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ حکومت گندم اور گنے کے کاشتکارو ںکے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے نئی امدادی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے پیداواری لاگت کا تخمینہ لگانے کیلئے جامع سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کاشتکاروں سے بھی مشاورت کی جائے گی اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے۔ کاشتکاروں کو کریڈٹ کارڈ کے ذریعے سبسڈی اور دیگر مراعات دی جائیں گی۔ حکومت پنجاب نئی ایگری پالیسی کے ذریعے تبدیلی کا عہد نبھائے گی۔ پنجاب حکومت نے علماء وآئمہ کرام، خطبا، موذن او رمدارس کے طلبہ کو بھی مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صحت انصاف کارڈ سکیم کے علماء وآئمہ کرام، خطبا، موذن او رمدارس کے طلبہ کواجراء کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے سفارشات طلب کر لی ہیں۔ وزیراعلیٰ سے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں تمام مکاتب فکر کے نمایاںعلما ء کرام کی کا نفرنس منعقد ہوگی، جس سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لئے علماء سے رابطے بہتر اور موثر بنائے جا رہے ہیں۔عثمان بزدار سے صوبائی وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کو صحت اور تعلیم کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سوشل سیکٹر پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 8ہزار سے زائد بیڈز کے اضافے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔