نیب قوانین کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ بدنیتی سیاسی طبقہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے: رضا ربانی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے ہی مختلف احتساب قوانین رائج ہیں، وفاقی کابینہ کا نیب قوانین کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے صرف کاروباری افراد اور سول بیوروکریٹس کے حوالے سے ترمیم تجویز کی جو کہ سیاسی طبقے کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔ سینیٹر رضاربانی کے مطابق صرف سیاسی افراد کو ہی خصوصی قانون اور خصوصی عدالتوں کا سامنا ہے، اگر باقی اداروں میں خود احتسابی ہے تو ارکان پارلیمنٹ کا احتساب بھی پارلیمانی کمیٹی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا حل یہ ہے کہ وفاقی کمشن برائے احتساب قائم کیا جائے جہاں سب کیلئے ایک قانون ہو اور وہ معاشرے کے ہر طبقے کا بلاتفریق احتساب کرے۔