نامور پاکستانی مورخ ڈاکٹر کے۔ کے عزیز نے ’’دی مرڈر آف ہسٹری‘‘ لکھ کر بڑا نام کمایا ہے۔ ہم سمجھتے تھے کہ شاید یہ جرم قدیم بادشاہوں کے زمانے میں ہوتا تھا۔ مگر اگلے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جناب آصف زرداری نے جس سادگی کے ساتھ تاریخ کا بلیدان کیا، سننے والوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے۔ فرمایا: ’’پاکستان سندھیوں اور بنگالیوں نے بنایا، مہاجر تو بھاگ آئے تھے اور یہاں آ کر پناہ لی۔‘‘ تحریک آزادی کے حوالے سے ایسا بے رحمانہ تبصرہ شاید ہی کسی نے کیا ہو۔ قوم کا حوصلہ ہے کہ بیماری، اسیری اور پیری کا بونس دیکر موصوف کے فرمودات سے صرف نظر کیا۔
آزادی کے اس مہینے (اگست) کو گواہ بنا کر صرف اتنا کہوں گا کہ جو اہلِ وطن ہجرت کے صدمے سے دوچار نہیں ہوئے ، وہ آزادی کے مفہوم اور پاکستان کی قدر و قیمت کو سمجھ ہی نہیں سکتے۔ بھرے بھرائے گھروں اور پیاروں کی نعشوں کو بے گوروکفن چھوڑ کر تپتے موسم اور برستے پانی میں سرحد پار کرنے والوں کی پاکستانیت اور حب الوطنی پر زبان کھولنا گناہ کے مترادف ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024