مسلم لیگ ن کا سارا ٹبر تو جیت گیا اب احتجاج کس بات کا ہے: پرویز الہٰی
گجرات میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک کو بہتری کی طرف لانے کے لیے سب کو دل وجان سے کوشش کرنی ہوگی،بائیس سال کی جدوجہد کے بعد عمران خان اقتدار میں آ ئے ہیں، ہمیں ان کا بھرپورساتھ دینا ہوگا،عمران خان بائیس ویں وزیراعظم ہیں جو ووٹ کی طاقت سے آئے،اس سے قبل جتنے بھی وزیر اعظم تھے انہیں لایا گیا۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کے معاملات عدالتوں میں ہیں، مسلم لیگ ن کس بات کا احتجاج کرنے جار رہی ہے،ساراٹبر تو جیت گیا ہے اب احتجاج کس بات کا ہے۔چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اکثر علاقوں میں ن لیگ جیتی ہے اب احتجاج کیا جارہا ہے، بیٹا وزیر اعلیٰ جبکہ باپ کا وزیر اعظم کا امیدوار ہونا مسلم لیگ ن کے لئے بہت بڑا المیہ ہے۔