:خیبر پی کے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات آئی بی کے سپرد
پشاور(آن لائن)خیبر پی کے حکومت نے انٹیلی جنس بیورو( آئی بی) کو صوبے کے سرکاری اور پرائیویٹ ڈینٹل اور میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کاامتحانی پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی اور ٹیسٹ رزلٹ کا اجرا بھی روک دیا۔واضح رہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے اس ٹیسٹ کا انعقاد اتوار کو ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن ایجنسی (ای ٹی ای اے) نے کیا تھا۔خیال رہے کہ ٹیسٹ والے روز وائرل ہوئی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک شخص جس کا چہرہ واضح نہیں، ایک امتحانی پرچہ دکھاتے ہوئے بتارہا تھا کہ یہ ٹیسٹ سے ایک روز پہلے ہی لیک ہوگیا تھا۔جس کے بعد خیبرپی کے کے اعلیٰ تعلیمی بورڈ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں مبینہ طور پر پیپر لیک ہونے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس کے فوری بعد اعلیٰ تعلیمی بورڈ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو سمری ارسال کردی گئی۔اس حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ ٹیسٹ کا انعقاد دوپہر 12 ہوا تھا جبکہ ویڈیو 3 بجے کے قریب وائرل ہوئی۔اس ضمن میں ای ٹی ای اے کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ کوہاٹ اور مالاکنڈ میں انویجلیٹرز نے دو طالبعلموں سے موبائل فون برآمد کیے۔ طالب علموں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ سخت چیکنگ کے باوجود طالب علموں کے کمرہ امتحان میں موبائل فون کے ہمراہ داخل ہونے کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ ویڈیو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ای ٹی ای اے کے ماہرین کے جائزے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویڈیو کی تاریخ میں ردوبدل کیا گیا۔