مہنگائی میں اضافہ، مرغی کا گوشت 30 ٹماٹر 20 روپے کلو مہنگا ہوگیا، پیاز ادرک، لہسن بھی عوام کی پہنچ سے باہر
لاہور (خبرنگار) لاہور کی اوپن مارکیٹ میں پولٹری مافیا نے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اچانک 30 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا۔ اس اضافے کے ساتھ شہر میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 162 روپے فی کلو پہنچ گئی۔ اسکے ساتھ ساتھ شہر کی مختلف سبزیوں اور پھلوںسمیت مصالحہ جات کی دوکانوں پر بھی من مانی مہنگائی دیکھنے میں آئی۔ سبزی فروشوں نے سبزی منڈی کو بنیاد بنا کر ٹماٹر کی قیمتوں میں مزید 20 روپے کا اضافہ کر دیا جس کی وجہ سے سبزی فروشوں کی دوکانوں پر ٹماٹر 120 روپے سے 150 روپے فی کلو، پیاز 60 روپے سے 70 روپے کلو، سبز دھنیا 200 روپے کلو، لہسن اور ادرک 220 روپے سے 250 روپے کلو تک فروخت ہوتا رہا۔