امید ہے جماعت اسلامی تعاون کر ے گی‘ نامزد صدارتی امیدوار
کراچی (نیوزرپورٹر)تحریکِ انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کے ہمراہ ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں انہوں نے صدارتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے تعاون کر نے اور ووٹ دینے کی درخواست کی۔ ملاقات میں کراچی کے عوام کے دیرینہ مسائل اور ان کے حل اور انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زمان ، رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم ، جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الر شید ، ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، قاضی صدر الدین اور دیگر موجود تھے ۔ ملاقات کے بعد ڈاکٹر عارف علوی اور حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ ہمارے پرانے دوست ہیں اور میں صدارتی انتخابات میں ان کی حمایت اور تعاون کے لیے آیا ہوں اور امید ہے کہ جماعت اسلامی تعاون کرے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ہمارے انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں اور کراچی میں دونوں جماعتوں کی بہت اچھی ورکنگ ریلیشن شپ رہی ہے اور کراچی کے حالات ، مسائل اور امن و امان کے حوالے سے دونوں جماعتوں کا ہمیشہ ایک موقف رہاہے ۔