عید پر سیکورٹی ہائی الرٹ‘ رینجرز نے انتظامات کو حتمی شکل دیدی
کراچی (کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) نے عیدالاضحی کے موقع پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے‘ عیدالاضحی کے دنوں میں رینجرز اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر ہائی الرٹ رہیں گے۔ مزید برآں صوبائی حکومت کی جانب سے ترتیب دئیے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا‘ قربانی کی کھالوں کی جمع گاہوں اور وہاں سے ان کی اجتماعی جمع گاہوں تک ترسیل کی بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی طرف سے دئیے گئے خصوصی احکامات کی روشنی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی شخص کو لائسنس یافتہ یا غیر قانونی اسلحہ‘ ڈنڈے‘ لاٹھیاں اور سلاخیں لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی اور ایسے حالات میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔