نوازشریف‘ مریم کے بیرون ملک جانے پر پابندی‘ نام تاحکم ثانی ای سی ایل میں شامل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی /این این آئی)وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکا نام تاحکم ثانی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا تھا جس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق منگل کو سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے بعد ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ہوگئی ہے ۔واضح رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی جس کے بعد تینوں شخصیات اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔تینوں نے سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس پر عدالت نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے جو عید کے بعد سنایا جائیگا۔دونوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست نیب نے کی تھی۔