سانحہ ماڈل ٹائون‘ 5 ہائوسنگ سوسائٹیوں کی انکوائری جلد ہو گی: عثمان بزدار
لاہور(آن لائن، نوائے وقت نیوز) وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا سپاہی ہوں جلد سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پانچ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی انکوائری بلاامتیاز ہو گی۔ وزیر اعل ی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات مسترد کرتا ہوں ۔ میں کبھی کسی جرم میں ملوث نہیں رہا ۔ دیت دینے کا الزام بھی جھوٹا ہے میں نے صلح کروائی تھی جس کو غلط انداز سے پیش کیا گیا ۔ سازشوں کے باوجود عمران خان کے ویژن کو لے کر چلوں گا ۔ انشاء اللہ میری ٹیم بہترین لوگوں پر مشتمل ہو گی ۔ محکموں کو سمجھنے والے ہی کابینہ کا حصہ ہوں گے ۔ کرپٹ افسران کے خلاف احتساب ہو گا ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پانچ ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف انکوائری ہو گی ۔ سیکرٹری سے تمام تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ میری اور میری حکومت کی ترجیح کرپشن کے ناسور کو ختم کرنا ہے۔ میں صرف پاکستان کا ایجنٹ اور وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف جنگ کا سپاہی ہوں ۔ انہوں نے بتایا سی ایم ہاؤس کے 260 ملازم نگران حکومت نے فارغ کئے ۔ مزید سیاسی بھرتیوں کو جلد ختم کر دیا جائے گا ۔ دریں اثناء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں میرٹ اور قانون کی حکمرانی ہوگی۔ حقیقی تبدیلی لاکر عوام کو ریلیف دیں گے۔ غیرقانونی کام میں بھی کہوں تو ہرگز عملدرآمد نہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی عید پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ قانون کی حکمرانی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔ بہترین کارکردگی کے حامل افسران کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ وزیراعلیٰ نے بھی عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اور بچت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اجلاس میں شرکاء کی صرف چائے، بسکٹ اور پانی سے تواضع کی۔