نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام لگتا ہے‘ خورشید شاہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کا باضابطہ اعلان اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا ، حکومت نے اگر اسی طرح جارحانہ سیاسی طرز عمل جاری رکھا تو اسکا چلنا مشکل ہو جائے گا۔کابینہ کے پہلے اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام لگتا ہے،پیپلز پارٹی نے ابھی اعتزاز احسن کو باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد نہیں کیا ان کے نام پر صرف پارٹی میں مشاورت ہوئی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جو اچھا کام کریگی اسکی حمایت کریں گے، پیپلز پارٹی نے کبھی مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی الیکشن اگر اپوزیشن نے ساتھ مل کر لڑا تو حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔