وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس‘ پختونخوا میں نئی کابینہ کی تشکیل پر طویل مشاورت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز بنی گالہ میں اپنی اقامت گاہ پر خیبر پختونخوا میں حکومت سازی اور نئی کابینہ کی تشکیل پر طویل مشاورت کی۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان‘ عاطف خان‘ شہرام ترکئی‘ تیمور جھگڑا اور دوسرے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نئی حکومت کو ان کے اعتماد پر پورا اترنا ہے۔ سابق حکومت نے جتنے ترقیاتی منصوبے شروع کئے تھے ان کی تکمیل ہر صورت میں ہونی چاہئے۔ عمران خان نے یہ ہدایت بھی کی کہ صوبے میں اخراجات کی کمی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جائے۔ قومی وسائل کے ضیاع کو بچا کر فنڈز عوام کے فلاحی منصوبوں پر خرچ کئے جائیں۔ عمران خان نے بنی گالا میں اجلاس کے شرکاء کو یہ ہدایت بھی کی کہ تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے عوام کو بے پناہ امیدیں ہیں۔ ہمیں عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہے۔ اس کے لئے سب کو محنت اور دیانتداری سے کام کرنا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے مخالف یہ الزام لگا رہے تھے کہ خیبر پختونخوا میں کوئی کام نہیں ہوا۔ تحریک انصاف کو وہاں سے ووٹ نہیں ملیں گے لیکن عوام نے یہ پروپیگنڈہ بے بنیاد ثابت کر دیا۔