صدر ممنون حسین کراچی، وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں عید منائیں گے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان عید الاضحی بنی گالہ اسلام آباد جب کہ صدر مملکت ممنون حسین کراچی میں منائیں گے۔ وفاقی کابینہ کے ارکان اپنے آبائی علاقوں میں منائیں گے ۔ وزیراعظم قربانی کا فریضہ بنی گالہ میں ادا کریں گے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران عمران خان کام کریں گے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی کابینہ کے متعلق مشاورت بھی کریں گے۔ عید کے بعد عمران خان پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کریں گے جس میں ضمنی انتخابات کے لئے امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 24 اگست کو وفاقی کابینہ کا بھی اجلاس ہوگا۔ پاکستانمسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نماز عید الاضحی معمول سے ہٹ کر ماڈل ٹائوں کی بجائے جاتی عمرہ میں ادا کریں گے۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدم موجودگی میں کارکنوں اور ملازمین سے عید ملیں گے ۔میاں شہباز شریف جاتی عمرہ اور ماڈل ٹاؤن دونوں گھروں میں قربانی کریں گے ۔اس کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر راولپنڈی جائیں گے اور اپنے بھائی و سابق وزیراعظم نوا شریف،مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے عید ملیں گے۔علاوہ ازیں عید کے دوسرے روز لیگی اراکین اسمبلی اور لیگی رہنما بھی اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کرنے جائیں گے۔