قومی مقصد کیلئے حد سے بڑھی ہوئی انا کو قربان کرنا ہو گا‘ زرداری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عیدالضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج عید کے دو پیغام ہیں ایک تو یہ کہ قربانی کے لیے تیار رہا جائے اور دوسرا یہ کہ اپنی انا کو قربان کریں تاکہ مسلمان مقصد اور اپنے اعمال میں اتحاد پیدا کر سکیں۔ سابق صدر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمومی اور پاکستان کے مسلمان بھائی اور بہنوں کو خصوصی طور پر عید کی مبارکباد پیش کی۔ آج عید انتخابات کے موقع پر آئی ہے اور اس وقت معاشرہ اور ریاست دو مشکلات کا شکار ہیں ۔ ایک تو یہ کہ لوگ یہ محسوس کر رہے ہیں کہ ان کے ووٹوں کو چرایا گیا ہے اور اس طرح عوام کا اتحاد پارہ پارہ ہونے کا خطرہ ہے اور دوسرا یہ کہ کچھ لوگوں کی انا حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور وہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ عوام نے انھیں اقتدار کے منصب پر بٹھایا ہے۔ اب فوری ضرورت اس بات کی ہے کہ اس حد سے بڑھی ہوئی انا کو قربان کیا جائے تا کہ عوام کو قومی مقصد کے لیے متحد کیا جا سکے اور یہ اقدام عید کے دونوں پیغاموں اور مقاصد کے مظابق ہو گا۔ سابق صدر نے کہا کہ اس موقع پر ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کیا جائے جو غریب اور نادار ہیں۔ عید کا پیغام سماجی انصاف کا پیغام ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم زندگی کا مقصد اعلیٰ بنائیں۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عید قربان کی مبارکباد دی ہے اور اپنے پیغام میں کہاہے کہ پوری قوم آج سنت ابراہیمیؑ اس تجدید عہد کے ساتھ زندہ کر رہی ہے کہ ہم پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنائیں گے ۔ عید قربان کے دن اپنی ذات کے علاوہ دنیا بھر کے انسانوں کے لیے ہدایت اور کامیابی کی دعامانگنی چاہیے ۔ آج کے دن کشمیر ، فلسطین اور برما سمیت دنیا بھر کے ان مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جن کو آزادی کے ساتھ مرضی کی اسلامی زندگی میسر نہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عید کے مبارک موقع پر فضول خرچی اور اصراف کی بجائے اپنے اڑوس پڑوس میں موجود غریب ، نادار اور مستحق لوگوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی سے انسانیت کے ایثار و بھلائی صبر اور برداشت کا درس ملتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشیاں غریب اور نادا ربہن بھائیوں کی ضرورتوں کا خیال رکھ کر اور انھیں اپنی خوشیوں میں شامل کر کے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاشرتی ناہمواریوں کے خا تمے ،قربانی کے جذبے ،ہم آہنگی اور اخوت کے فروغ کے ذریعے فلاحی اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے ٹھوس بنیاد فراہم کی جاسکتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے عیدالاضحی پر اپنے پیغامات تہنیت میں کہا ہے کہ اس مبارک موقع پر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے نئے عزم، جذبہ اور ولولہ سے کام کرنے کا عہد کیا جائے تاکہ نہ صرف ملک میں ہر طبقہ اور شعبہ کے لوگوں کو خوشحالی، انصاف اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں بلکہ عالمی برادری میں بھی اس کا ایک باوقار مقام ہو۔