یہ لوگ بیٹے کے پیچھے پڑ گئے، کیا ایک نو از شریف ہی نظر آتا ہے: والدہ
لاہور (خبر نگار) سابق وزیرا عظم محمدنواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر نے کہا ہے کہ یہ لوگ نواز شریف کے پیچھے پڑ گئے ہیں اور کیا انہیں پیچھے پڑنے کیلئے ایک نواز شریف ہی نظر آیا ہے، نواز شریف نے پیسہ کھایا اور نہ کرپشن کی، اگر الزامات لگائے جاتے ہیں تو انہیں ثابت بھی کریں۔ سوشل میڈیا کے مطابق ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر نے کہا کہ میں نے اس سے پہلے کبھی میڈیا سے بات نہیں کی کیونکہ کبھی ایسے حالات ہی نہیں تھے اور زندگی میں پہلی بار ایسا ہوا ہے۔ جب نواز شریف پہلے وزیراعظم بنا تو اس کے والد سرکاری کھانا تک نہیں کھانے دیتے تھے اور اسے ماہانہ یہاں سے خرچہ بھجواتے تھے۔ انہوں نے کرپشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ جو دشمن ہیں وہی الزام لگا رہے ہیں، نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کے اچھے تعلقات ہیں، بیوی بھی فرمانبردار تھی اور خاوند بھی ہر بات پوری کرنے والا تھا۔